نئی دہلی
جمعیۃعلماء بہار کے ناظم اعلیٰ، مشہورسماجی کارکن، اور جمعیۃعلماء ہند کی مجلس عاملہ کے قدیم ممبر الحاج حسن احمد قادری کے اچانک ارتحال رحلت پر صدرجمعیۃعلماء ہند وصدرالمدرسین دارالعلوم دیوبندمولانا سیدارشدمدنی نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے، اور قادری صاحب کے موت کو زبردست جماعتی وملی خسارہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم قادری صاحب کے انتقال سے جو خلاپیداہوا ہے اس کا پرہونا مشکل ہے، دوردورتک اس کا کوئی بدل نظرنہیں آرہا ہے، قادری صاحب طویل مدت سے جمعیۃعلماء بہارکی نظامت علیا ء کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیتے رہے، وہ غیرمنقسم بہارکے بھی جمعیۃعلما کے جنرل سکریٹری تھے۔
انہوں نے فدائے ملت ؒ امیر الہند حضرت مولانا سیدا سعدمدنی رحمۃ اللہ علیہ کی ایماوہدایت پر پٹنہ ریلوے جنکشن کے متصل مدنی مسافرخانہ کی تعمیر کا بیڑااٹھایا اور فدائے ملت ؒ کی توجہ، مدداور کوشش سے انجام تک پہنچایا جس سے آج خلق خدا مستفیض ہورہی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ قادری صاحب مرحوم کو حضرت فدائے ملت ؒ کے علاوہ مجاز شیخ الاسلام ؒ مولانا قاری فخرالدین ؒ گیاوی اور مولانا شاہ عون احمد صاحب ؒ قادری خانقاہ مجیبیہ وغیرہ کی سرپرستی حاصل رہی، ان بزرگوں نے قادری صاحب کی ہر موڑپر رہنمائی کی۔ قادری صاحب نے آخری عمرتک اپنے بزرگوں کے رہنمااصولوں پر چلنے کی پوری پوری کوشش کی،اوراپنے مشن میں کامیاب رہے۔
مولانا مدنی نے قادری صاحب کے ساتھ اپنے قدیم تعلق کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ قادری صاحب سے میرا تعلق ایک عرصہ سے تھا، لیکن حضرت فدائے ملت ؒ کے دنیاسے چلے جانے کے بعد اس تعلق میں پختگی آئی اور دن بدن اس میں اضافہ ہوتاگیا ۔